عمران خان کو 22 اور بشریٰ بی بی کو 24 گھنٹے قیدِ تنہائی میں رکھا جاتا ہے، علیمہ خان

عمران خان کو 22 اور بشریٰ بی بی کو 24 گھنٹے قیدِ تنہائی میں رکھا جاتا ہے، علیمہ خان

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی گئی، جس میں سپرنٹنڈنٹ جیل، آئی جی جیل خانہ جات، چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے اور پمز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 8 اپریل کو وکیل سے ملاقات کے دوران معلوم ہوا کہ بانی پی ٹی آئی کو روزانہ 22 گھنٹے جبکہ بشریٰ بی بی کو 24 گھنٹے قیدِ تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے بانی پی ٹی آئی کی اپنے اہل خانہ یا پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کا کوئی عدالتی حکم یا فیصلہ موجود نہیں، جبکہ انہیں اس صورتحال میں رکھنا غیر انسانی سلوک کے مترادف ہے۔ درخواست میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وکیل سے ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ ان کی ایک آنکھ 85 فیصد متاثر ہو چکی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ قیدِ تنہائی ایک سخت سزا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کو سنائی گئی سزا میں قیدِ تنہائی شامل نہیں، لہٰذا انہیں قیدِ تنہائی میں رکھنا غیر قانونی قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بشریٰ بی بی کی صاحبزادی کی جانب سے بھی بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جا چکی ہے۔