لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی ہدایت پر پولیس نے ڈکیٹ گینگز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مختلف تھانوں کی حدود سے اسلحہ بردار وارداتوں میں ملوث 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے پولیس کے مطابق تھانہ اقبال ٹاؤن، نواں کوٹ، شیراکوٹ، سبزہ زار، سمن آباد اور ملت پارک میں شہریوں سے موٹرسائیکل، موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتوں میں ملوث گینگز کو خفیہ اطلاعات پر ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان عمار بٹ، احسن اور حیدر کے خلاف 120 مقدمات کا ریکارڈ موجود ہیایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12 لاکھ روپے مالیت کا سونا، 21 موبائل فون، 11 پستول بمعہ گولیاں، لاکھوں روپے نقدی اور مجموعی طور پر 23 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔پولیس نے عرفان، عمیر، وقار، محسن، اشرف، ندیم سمیت دیگر گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور ٹیم ورک کے نتیجے میں یہ اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ مختلف تھانوں کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی دکھائی، جس پر انہیں شاباش دی گئی ہے۔