پنجاب میں ای رجسٹریشن: پیدائش، شادی، طلاق اور اموات کا آن لائن اندراج، شہریوں کے لیے آسانی

پنجاب میں ای رجسٹریشن: پیدائش، شادی، طلاق اور اموات کا آن لائن اندراج، شہریوں کے لیے آسانی

پنجاب میں پاکستان کی پہلی ای رجسٹریشن سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے، جسے محکمہ بلدیات پنجاب نے نادرا کے اشتراک سے CRMS ایپ کے ذریعے لانچ کیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا، جس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، نادرا کے سی او او سید عبدالسلام، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، ڈی جی نادرا پنجاب فضہ شاہد اور ڈی جی لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان نے شرکت کی۔ایپ کے ذریعے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا آن لائن اندراج ممکن ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ شہری اب گھر بیٹھے ای رجسٹریشن کروا سکیں گے، اور نادرا کے ڈیٹا سسٹم کے ساتھ لنک ہونے کی وجہ سے اندراج خودبخود نادرا میں بھی ہو جائے گا۔یہ ایپ پنجاب بھر میں یونین کونسل سطح تک منسلک ہوگی، اور دورافتادہ علاقوں میں رجسٹریشن کے لیے موبائل سروس بھی فراہم کی جائے گی۔

نادرا نے اعلان کیا کہ ای رجسٹریشن کرانے والوں کو فارم ب کا نمبر خودبخود الاٹ کیا جائے گا۔آئندہ مرحلے میں ایپ میں برتھ اور ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول بھی شامل کیا جائے گا، اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے عوام میں ایپ کی آگاہی کے لیے بھرپور مہم چلانے کی ہدایت دی۔سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل سسٹم شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے اور تاخیر کی زحمت سے نجات فراہم کرے گا اور رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور مؤثر بنائے گا۔