صحت، بلدیات اور نادرا کے درمیان پیدائش و اموات کے ڈیجیٹل ریکارڈ کے لیے معاہدہ طے پا گیا

صحت، بلدیات اور نادرا کے درمیان پیدائش و اموات کے ڈیجیٹل ریکارڈ کے لیے معاہدہ طے پا گیا

صوبائی محکمہ صحت، بلدیات اور نادرا کے درمیان پیدائش اور اموات کا درست ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے، جس سے سرکاری ہسپتالوں اور دیگر محکموں میں آن لائن اندراج ممکن ہو جائے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ پارلیمانی سیکرٹری اسما ناز عباسی اور سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب بھی موجود تھیں۔ معاہدے پر محکمہ صحت و آبادی کے عون عباس بخاری، نادرا پنجاب کی فضا شاہد، محکمہ بلدیات کے احمد کمال اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کے ڈاکٹر وسیم نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت ہسپتالوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ نادرا کے نظام سے منسلک ہوں گے، جس سے پیدائش اور اموات کا درست اور فوری ڈیٹا دستیاب ہو سکے گا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اس معاہدے سے ہسپتالوں کا انفارمیشن سسٹم مضبوط ہوگا اور اداروں کے درمیان رابطے میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے مؤثر نفاذ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔