لاہور: چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ این او سی کے اجراء کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے اور کاروباری افراد و شہریوں کے لیے ای-بز پورٹل پر این او سی کے آن لائن حصول کا طریقہ کار سادہ کیا جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جہاں صوبے میں ای گورننس اور پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ این او سی کے اجراء کے لیے غیر ضروری کاغذات طلب کرنے کا کوئی جواز نہیں اور تمام محکمے صرف ضروری دستاویزات کی طلبی یقینی بنائیں۔اجلاس میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر بھی غور کیا گیا، اور چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں۔ انہوں نے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اشیاء کی قیمتوں، طلب اور رسد کا تقابلی جائزہ لے کر رپورٹ جمع کرائیں تاکہ قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جا سکے۔