وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات‘، علاقائی صورتحال اور سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال

پاکستان‘قطر کا دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق  قطری سرمایہ کاروں کی تجاویز پرغور کیلئے ٹاسک فورس اجلاس بلانے کافیصلہ
 خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور‘ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند سطح تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا
وزیراعظم سے قطر ی وزیر مملکت  بیرونی تجارت  اور قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد کی  ملاقات ‘دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کیلئے کوششیں کی جائیں گی:اعلامیہ
دوحہ( آن لائن‘آئی این پی ) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے  سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ  سعود بن عبدالرحمان بن حسن البن ثانی نے دوحہ میں ملاقات کی، جس میں دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دفاعی شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم اور متنوع بنانے کے لیے پْرعزم ہے۔شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دفاعی شعبے میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال، بالخصوص ایران اور افغانستان کے تناظر میں پیش رفت، پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند سطح تک لے جایا جائے گا۔دریں اثناء پاکستان اور قطر نے پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کی ٹھوس تجاویز پر غور کیلئے رمضان المبارک کے دوران ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر   اتفاق  کیا ہے ۔یہ اتفاق رائے وزیراعظم  شہبازشریف سے قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت کی ملاقات  میں طے پایا۔۔ملاقات میں دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے،پاک قطر تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا۔ فریقین نے پاک قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے طے شدہ فیصلوں پرعمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے قطری وزیر کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر احمد بن محمد السید کا اقتصادی تعاون کو وسعت دینے  کا اعادہ اور نجی شعبے و کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔علاہو ازیں  شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن  کے ایک وفد نے  ملاقات  ملاقات کی۔دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو بڑھایا جا سکے۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے تعمیری کردار کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جس میں رواں ماہ کے آخر میں پاک-قطر سرمایہ کاری سے متعلق ٹاسک فورس کے دوحہ کے آئندہ دورے کے ساتھ ساتھ تجارتی فورمز کی میزبانی بھی شامل ہے تاکہ بات چیت کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے