نور خان ایئر بیس پر صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا‘خوشگوار جملوں کا تبادلہ ‘ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو پھول پیش کئے ‘ صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی
وزیراعظم کا لیبیا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے اور باہمی ڈائیلاگ و تعاون کی اہمیت پر زور ، وفد کاپاکستان کے ساتھ باہمی اشتراک بڑھانے کی خواہش کا اظہار ‘فیلڈ مارشل بھی ملاقات میں موجود تھے
اسلام آباد (آن لائن) قازقستان کے صدر قاسم جو مارت توکایووف دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ، نور خان ائر بیس پر صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ انکا پر تپاک استقبال کیا ۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو پھول پیش کئے ۔ صدر کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔ صدر مملکت ، وزیراعظم اور قازق صدر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا ۔ دونوں ممالک کے پرثم تھامے بچوں نے معزز مہمان کا استقبال کیا ، قازق صدر نے ہاتھ ہلا کر بچوں کو جواب دیا ۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا بھی صدر کے استقبال کے لئے موجود تھے ۔ قازقستان کے صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے ۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے لیبیا کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں لیبیا کے وزیراعظم ڈاکٹر اسامہ سعد حماد ، لیبین عرب آرمڈ فورسز کے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل خلیفہ عبد القاسم حفتر اور ڈپٹی کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر شامل تھے۔ملاقات میں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ذرائع کے مطابق، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے قریبی تعاون جاری رکھنے، قیام امن، استحکام، اور علاقائی و عالمی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے لیبیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط کرنے اور باہمی ڈائیلاگ و تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ لیبیا کی قیادت نے پاکستان کے کردار کو سراہا اور مہمان وفد نے پاکستان کے ساتھ باہمی اشتراک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔