ملزمان سے 42 لاکھ سے زائد مالیت کی 43.695 کلو گرام منشیات برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں 5 کارروائیاں کرتے ہوئے 9ملزمان کو گرفتار کرکے 42 لاکھ سے زائد مالیت کی 43.695 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق پشاور میں مشہور یونی ورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 6 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ اٹک میں سکول کے قریب افغان باشندے سے 300 گرام چرس برآمد کی۔ کوئٹہ میں پارک کے قریب کمپیوٹر میں چھپائی گئی 120 نشہ آور گولیاں برآمد کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کا تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے سامان سے 1.332 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔شبیر شریف روڈ لاہور میں گاڑی میں چھپائی گئی 32.4 کلو گرام چرس اور 3.6 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔ دوران کارروائی 4 ملزمان موقع پرگرفتار کیے گئے۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔