یاسر شوکت کو ایک خفیہ گودام سے گرفتار کیاگیا،ملزم شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث
لاہور(کرائم رپورٹر) انسانی سمگلنگ/ ڈنکی کے ذریعے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث منظم گینگ بے نقاب، ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کا کریک ڈاؤن جاری، انسانی سمگلنگ میں ملوث منظم گینگ کا سرغنہ گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات نے خفیہ گودام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث منظم گینگ کا سرغنہ گرفتار ہوگیا، ملزم کی شناخت یاسر شوکت کے نام سے ہوئی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ اور دیگر ممالک میں بھجوانے میں ملوث پایا گیا،ملزم ابتدائی طور پر شہریوں کو عمرہ ویزہ پر سعودی عرب بھجواتا اور بعد ازاں شہریوں کو لیبیا اور مصر منتقل کرتا تھا۔ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے لیبیا سے یورپ کشتیوں کے ذریعے شہریوں کو بارڈر کراسنگ کرانے میں ملوث پایا گیا۔چھاپہ مار کارروائی میں گودام سے 7 پاکستانی پاسپورٹ ، 18 پاکستانی پاسپورٹ کی نقول, 9 لیبیا کے ویزہ سٹیکرز اور عمرہ ویزہ کی 4 نقول , 8 مصری ویزے، 23 ہوائی جہاز کے ٹکٹس اور 2 عدد موبائل فون بھی برآمد ہوئے۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔