سردی کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر کی سڑکوں کے فوٹ پاتھ پر لنڈا بازار سج گئے ہیں، جہاں مہنگائی کے پیش نظر غریب طبقے کے مرد و خواتین گرم کپڑوں کی خریداری میں مصروف ہیں۔
لنڈا بازاروں میں شہریوں کی بڑی تعداد گرم جیکٹس، سویٹرز، کوٹ، جوتے، جرابیں اور دیگر ضروری اشیاء خریدنے کے لیے پہنچی ہوئی ہے۔ ہر کسی کی کوشش ہے کہ اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق اچھی چیز خرید لی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے حالات میں نئے کپڑوں کی دکانوں سے خریداری کرنا ممکن نہیں، جبکہ لنڈا بازار میں کم قیمت پر معیاری چیزیں مل جاتی ہیں۔شاپنگ کے تجربہ کار خریداروں نے مشورہ دیا ہے کہ سردیوں کے آغاز میں ہی خریداری کرلی جائے، کیونکہ جیسے جیسے سردی بڑھتی ہے، لنڈا بازار میں قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔
دوکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے خریدار بھی قیمت کم کروانے کے لیے اصرار کرتے ہیں، جس سے ان کا منافع متاثر ہو رہا ہے۔ دوسری جانب، شہریوں کا کہنا ہے کہ لنڈا بازار ہی واحد جگہ ہے جہاں محدود بجٹ میں گرم کپڑوں کی ضرورت پوری کی جا سکتی ہے۔یاد رہے کہ سردی کے شدت اختیار کرنے پر لنڈا بازاروں میں خریداروں کی تعداد میں مزید اضافہ اور قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔