امید ہے ملکی سلامتی کیلئے تمام مذاہب مل کر کام کریں گے، رنگ، نسل و زبان سے کسی کو برتری حاصل نہیں
پختونخوا دہشت گردی کی لپیٹ میںہے،گورنر کا بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس اور تقریب سے خطاب
پشاور؍اسلام آباد (آئی این پی ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے، امید ہے ملک کی سلامتی کیلئے تمام مذاہب ساتھ مل کر کام کریں گے، رنگ، نسل و زبان سے کسی کو برتری حاصل نہیں،صوبہ کے پی کے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت اور انتہا پسندی سے ملک کا نقصان ہے،کسی بھی جگہ جاتے ہیں تو صوبے میں دہشتگردی کا پوچھا جاتا ہے۔گورنر کے پی نے کہا کہ صوبے کی مثبت تصویر کو پیش کرنا ہے، کے پی میں امن ہونا چاہیے،خیبرپختونخوا کے مثبت تشخص کے لیے کوششیں کرنی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کا جرگہ لے کر کرم گئے تھے، امن کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ دریں اثناء گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 40ویں سارک چارٹر ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی اور صنعتی ترقی کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں اور شخصیات کی محنت اور لگن سے نہ صرف ان کے اپنے ملک بل کہ پورے خطے کی ترقی میں مدد ملے گی۔ تقریب میں سارک ممالک کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیدار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے اپنے ممالک کے معاشی اور صنعتی ترقی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور فوڈ سکیورٹی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں اور شخصیات کو ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔