بھارت میں جنسی زیادتی کے مجرم سابق رکن اسمبلی سے جیل میں موبائل فون برآمد ہونے کا انکشاف

بھارت میں جنسی زیادتی کے مجرم سابق رکن اسمبلی سے جیل میں موبائل فون برآمد ہونے کا انکشاف

بھارتی سابق رکنِ اسمبلی پرجوال ریونا کو بنگلورو کی جیل میں موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد حکام کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، کرائم برانچ کے اہلکاروں نے جیل میں اچانک چھاپہ مارا، جس کے دوران عمر قید کی سزا کاٹ رہے ریونا کے پاس سے موبائل فون برآمد ہوا۔ اس واقعے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور یہ تحقیقات جاری ہیں کہ یہ موبائل فون جیل کے اندر کیسے پہنچا۔سیکیورٹی میں غفلت پر جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ایرنا رنگاپور کو معطل کیا گیا ہے، جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ انشوچ کمار کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔پرجوال ریونا، جو کہ سابق بھارتی وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی کے بھتیجے ہیں، کو گزشتہ سال زیادتی، دھمکانے اور ویڈیوز بنانے کے جرم میں عمر قید سنائی گئی تھی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق، ریونا نے 2021ء میں انہیں متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیوز بنا کر خاموش رہنے کے لیے دھمکایا۔واقعے کے بعد، ریونا جرمنی چلے گئے تھے، جہاں سے واپس آنے کے بعد انہیں جنتا دل سیکولر سے معطل کیا گیا اور 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد گرفتار کیا گیا۔