سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ ، 3ملزم گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی ملتان ، لاہور میں کارروائی،عظیم جعفری ، جامشید محمود ،سجاد سرور گرفتار
متن: لاہور(کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) پنجاب نے سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ، دھمکیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو بدنام کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے لاہور اور ملتان سے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائیاں ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر متعلقہ ٹیموں نے کیں۔ NCCIA لاہور کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے عظیم جعفری ولد سید الطاف حسین شاہ، ساکن فیصل آباد، کو گرفتار کیا۔ تحقیقات کے مطابق ملزم آن لائن ذرائع استعمال کرتے ہوئے شکایت کنندہ سید مظفر اقبال زہرازی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور بدنام کرنے میں ملوث تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا گیا۔ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر رائے شکیل احمد کے سپرد ہے۔ ادھر NCCIA ملتان نے سائبر ہراسانی اور بلیک میلنگ کے خلاف دو الگ کارروائیوں میں جامشید محمود خان اور سجاد سرور کو گرفتار کیا۔ پہلی کارروائی میں جامشید محمود خان کو گلگشت گول باغ پارک ملتان سے حراست میں لیا گیا۔ تفتیش کے مطابق ملزم متاثرہ خاتون کا قابلِ اعتراض ڈیٹا واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کرنے، دھمکیاں دینے اور بلیک میلنگ میں ملوث تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے کوئی قابلِ ذکر ریکوری نہیں ہوئی۔ دوسری کارروائی میں سجاد سرور کو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم پر متاثرہ خاتون کا قابلِ اعتراض ڈیٹا واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کرنے، دھمکیاں دینے اور بلیک میلنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ اس کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا، جس میں واٹس ایپ سے متعلق مواد موجود تھا۔ ڈائریکٹر NCCIA پنجاب محمد علی وسیم نے کہا کہ سائبر اسپیس کو ہراسانی، بلیک میلنگ، دھمکیوں اور نجی زندگی میں مداخلت کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ڈیجیٹل حقوق اور نجی معلومات کے تحفظ کے لیے سائبر جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔