مہنگائی کے پیشِ نظرپٹرولیم مارجن میں 5 فیصد اضافے کی فوری ضرورت
موجودہ کمیشن کے ساتھ کاروبار چلانا ممکن نہیں:چیئرمین عبد السمیع خان
کراچی(خصوصی رپورٹ)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے دئیے گئے مارجن کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں پٹرول پمپس بند کرنے کا عندیہ دیدیا۔ چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسّمیع خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خبردار کیاکہ اگر حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کا کمیشن 8 فیصد تک نہ بڑھایا تو ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کر دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مارجن اس وقت صرف3اعشاریہ 12 فیصد ہے جبکہ موجودہ کاروباری حالات اور مہنگائی کے پیشِ نظر کم از کم 5 فیصد اضافے کی فوری ضرورت ہے۔عبدالسّمیع خان نے کہا کہ حکومت کو واضح کر دیا ہے کہ موجودہ کمیشن کے ساتھ کاروبار چلانا ممکن نہیں ہے ۔وزارتِ پٹرولیم نے پہلے مناسب کمیشن دینے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر تاحال وعدہ پورا نہیں ہوا ،حکومت نے صرف 65 پیسے فی لیٹر اضافہ کیاجبکہ ڈیلرز نے 8 فیصد منافع بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت 40 فیصد پٹرول اور ڈیزل سمگل ہو کر آرہا ہیجس سے نہ صرف مقامی مارکیٹ متاثر ہو رہی ہے بلکہ قانونی درآمد کنندگان اور ڈیلرز کے کاروبار کو بھی بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔عبدالسّمیع خان نے بتایا کہ آنے والے 10 دنوں میں کور کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور ممکنہ ہڑتال کے فیصلے کیے جائیں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملک گیر سطح پر پٹرول پمپ بند کرنے کا سخت فیصلہ کیا جائے گا۔