مدینہ منورہ کے علاقے میں ڈرون حملہ ناکام، سعودی فضائی دفاعی نظام نے ڈرون تباہ کردیا

مدینہ منورہ کے علاقے میں ڈرون حملہ ناکام، سعودی فضائی دفاعی نظام نے ڈرون تباہ کردیا

ریاض: سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے علاقے میں ایک ڈرون کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

 سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترکی المالکی نے کہا کہ ڈرون کو مدینہ منورہ کے علاقے میں روک کر تباہ کیا گیا۔ تاہم انہوں نے فوری طور پر ڈرون کی سمت، اس کے ماخذ اور ممکنہ ہدف کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔سعودی اتحاد اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ دعویٰ کرچکا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے مختلف علاقوں کو ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ سعودی حکام کی جانب سے ایسے واقعات کے بعد فضائی دفاعی نظام کے ذریعے خطرات کو ناکام بنانے کے بیانات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کے مقدس شہروں پر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ حوثی گروپ کا کہنا ہے کہ وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے میں ملوث نہیں ہے۔