نوجوانوں کا جوش، تخلیقی صلاحیت اور استقامت پاکستان کی قوت ہیں:آصف زرداری

 نوجوان قوم کی سب سے بڑی قوت ہیں، انہیں بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے:نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر  پیغام
 اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے  پاکستان کے نوجوان قوم کی سب سے بڑی قوت ہیں، نوجوانوں کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا محض ان کے مستقبل میں نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے پاکستان کے نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی توانائی، استقامت، تخلیقی صلاحیتوں اور ایک پْرامن، خوشحال اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے عزم کو سراہتے ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سال نوجوانوں کے عالمی دن کا موضوع مختلف حالات، مشترکہ خواہشات  ہمیں یاد دلاتا ہے کہ نوجوان خواہ کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں، معیاری تعلیم، باعزت روزگار، جدت و اختراع، مساوات اور معاشرے میں شرکت ان کی مشترکہ خواہشات ہیں۔ ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا بھرپور موقع فراہم کرنا صرف ریاست ہی نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔