قطر کا افغان امن عمل میں اہم کردار، مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی‘خطے میں امن اور مکالمے کے فروغ کے لئے قطر کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں، قطر نے خطے میں امن کے لئے اہم ثالث کا کردار ادا کیا ہے
پاکستان اور قطر کے درمیان شراکت علاقائی امن، توانائی کے تحفظ اور سماجی ترقی کے لئے سٹریٹجک اہمیت کی حامل ہے،سیلاب متاثرین کیلئے نقد امداد نے تیز بحالی میں اہم کردار ادا کیا:صدر کا قطری اخبار کو انٹرویو
دوحہ(آئی این پی)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے قطر نے خطے میں امن کے لیے اہم ثالث کا کردار ادا کیا، قطر کی سہولت کاری سے افغان امن عمل کی راہ ہموار ہوئی۔صدر آصف علی زرداری نے قطر کے اخباردی پیننسولا کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ خطے میں امن اور مکالمے کے فروغ کے لئے قطر کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں، قطر نے خطے میں امن کے لیے اہم ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان شراکت علاقائی امن، توانائی کے تحفظ اور سماجی ترقی کے لیے سٹریٹجک اہمیت کی حامل ہے، پاکستان اور خلیجی ممالک افرادی قوت کی دستیابی ، مہارت کے فروغ اور پائیدار سرمایہ کاری میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ قطر نے خصوصا حماس اور بین الاقوامی فریقوں کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور امریکہ اورطالبان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی، قطر کی سہولت کاری سے افغان امن عمل کی راہ ہموار اور پاکستان کے علاقائی تحفظات سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی۔صدر مملکت نے کہا کہ دوحہ عالمی عمل کا مقصد علاقائی اور عالمی سطح پر اشتراکی امکانات پیدا کرنا ہے، ہم غربت، تعلیم اور صحت کے مسائل سے کوسماجی تحفظ اور انسانی وسیلے میں سرمایہ کاری کے ذریعے حل کر رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی براہ راست روزگار اور زندگی کو متاثر کرتی ہے، دوحہ اعلامیہ میں سماجی تحفظ اور موسمیاتی موافقت کو تسلیم کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 90 لاکھ سے زائد خاندانوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، بی آئی ایس پی کے ڈیجیٹل والٹس خواتین کی مالی خود مختاری بڑھا رہے ہیں، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں خواتین بااختیار اور نوجوان باعزت روزگار پائیں۔