بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کی تلاش میں تیزی لے کر آئیں،بین الاقوامی معیار کی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں:اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹائیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کی تلاش میں تیزی لے کر آئیں۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کی تلاش میں تیزی لے کر آئیں اور پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹائیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کو وزارت برائے سمندر پار مقیم پاکستانی، نیووٹیک اور یوتھ پروگرام ہنر اور مختلف زبانوں کے کورسس بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائیں، پاکستان کی افرادی قوت با صلاحیت ہے، بین الاقوامی معیار کی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک میسر روزگار کے مواقع سے آگاہی اور ڈیٹا کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کریں۔پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام ادارے مختلف ممالک سے روابط مضبوط کرے۔جن ممالک میں پاکستانی ہنرمند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہیں، انکی زبان کی تعلیم بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائی جائے۔