امریکی فیصلے کا خیرمقدم: کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ دہشتگرد تنظیمیں قرار

امریکی فیصلے کا خیرمقدم: کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ دہشتگرد تنظیمیں قرار

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور کالعدم مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس اقدام کو پاکستان کے سفارتی محاذ پر ایک اہم کامیابی اور ملک کے ازلی دشمن کے لیے ایک اور شکست قرار دیا ہے۔

امریکی انتظامیہ کا شکریہ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون
محسن نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں اور کوششوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ موقف کو مضبوطی حاصل ہوگی۔

عالمی سطح پر کارروائی کی راہ ہموار
وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جو دہشت گردوں کے خلاف موثر اقدامات کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت پیش رفت
محسن نقوی نے مزید کہا کہ امریکی اقدام سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مثبت پیش رفت ہوگی۔