نیویارک: وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو امریکی جیل میں قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کا مطالعہ کر رہے ہیں، جبکہ جیل میں ان کے حالات سے واقف افراد کے مطابق انہوں نے روحانی سفر کا آغاز کردیا ہے اور مختلف مذاہب کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ نکولس مادورو نیویارک کے علاقے بروکلین کی ایک جیل میں قید ہیں، جہاں وہ اپنا زیادہ تر وقت مذہبی کتابوں کے مطالعے میں گزارتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مادورو نے جیل میں ایک عیسائی پادری اور یہودی ربی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
مادورو کی مذہب اور روحانیت میں دلچسپی
رپورٹ کے مطابق نکولس مادورو طویل عرصے سے روحانیت میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ماضی میں بھی مختلف مذاہب سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔وہ عوامی سطح پر یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ ان کے آباؤ اجداد یہودی تھے اور ان کا تعلق ایک سفاردی یہودی خاندان سے تھا، جو گزشتہ صدی میں ڈچ اینٹیلیز سے ہجرت کرکے وینزویلا منتقل ہوا تھا۔تاہم مادورو کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے قبل انہوں نے یہودیت میں اس قدر گہری دلچسپی کا اظہار نہیں کیا تھا، جس کا ذکر اب جیل میں ان کی سرگرمیوں کے حوالے سے کیا جا رہا ہے۔
کیتھولک عقیدے اور صوفی گرو سے وابستگی
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مادورو اپنے سیاسی دور میں وینزویلا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ایوینجلیکل عیسائی برادری کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش بھی کرتے رہے تھے۔ وہ خود کو عملی طور پر کیتھولک قرار دیتے تھے اور ایک ایسے پادری سے قریبی تعلق رکھتے تھے جو ان کے سوشلسٹ نظریات کا حامی تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مادورو، ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس اور ان کی جانشین ڈیلیسی روڈریگیز بھارتی صوفی گرو ستیہ سائی بابا کے پیروکار بھی رہے ہیں۔
امریکا میں سنگین الزامات کا سامنا
دوسری جانب نکولس مادورو کو امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کوکین کی بڑی مقدار امریکا اسمگل کرنے میں سہولت کاری کی۔رپورٹ کے مطابق ان کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ سال متوقع ہے۔ ان کی 70 سالہ اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی اسی فردِ جرم میں نامزد کیا گیا ہے۔