ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے سربراہ برائے انٹیلیجنس میجر جنرل مجید خادمی امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں، جس کا اعلان ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے حوالے سے پیر کے روز کیا۔
میجر جنرل خادمی تقریباً پانچ دہائیوں سے ایران کے انٹیلیجنس اور سکیورٹی ڈھانچے میں خدمات انجام دے رہے تھے اور انہیں ملک کی داخلی سلامتی کے لیے ایک کلیدی شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔ پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں ان کی خدمات کو ایران کے داخلی سلامتی اور انٹیلیجنس آپریشنز کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مجید خادمی کی شہادت ایران کے لیے بڑا نقصان ہے اور مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، اور مختلف محاذوں پر حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔خطے کے تجزیہ کاروں کے مطابق میجر جنرل خادمی کی شہادت سے ایران کی انٹیلیجنس کارروائیوں پر وقتی اثر پڑ سکتا ہے، اور یہ کشیدگی خطے میں مزید تناؤ پیدا کر سکتی ہے۔