وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے فیصلے پر ان کی تعریف کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیرِاعظم شہباز شریف کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے، جو عید کے موقع پر عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی محمد نواز شریف اقتدار میں آئے، ملک کو بحرانوں سے نکال کر عوام کو حقیقی ریلیف دیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں میں 7.41 روپے فی یونٹ گھریلو صارفین اور 7.59 روپے فی یونٹ صنعتوں کے لیے کمی، مہنگائی سے متاثرہ عوام کے لیے بہت بڑی سہولت ہے۔
عوام دوستی اور معاشی بصیرت کا ثبوت: وزیرِاعلیٰ نے اس فیصلے کو وزیرِاعظم شہباز شریف کی عوام دوستی، دور اندیشی اور معاشی بصیرت کا ثبوت قرار دیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں یہ کمی ملکی معیشت اور صنعتوں کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ محض ایک پالیسی نہیں بلکہ محمد نواز شریف اور ان کی عوام دوست پالیسیوں کے ساتھ کمٹمنٹ کا اظہار ہے۔ مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
نواز شریف کے ویژن کی تکمیل: مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف، صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق اقدامات اٹھا رہے ہیں، اور ان کی قیادت میں مسلم لیگ ن عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔