اوور سپیڈنگ پر 15ہزار چالان

فیصل آباد ٹریفک پولیس نے 1376، راولپنڈی نے 1230 لاہور میں 1032 گاڑیوں کے چالان کیے گئے
 لاہور (کرائم رپورٹر) صوبہ بھر میں اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی سربراہی میں ’’محفوظ پنجاب‘‘ کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ اوور اسپیڈنگ کے خلاف کارروائیوں میں 138 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرف ایک ماہ کے دوران حد رفتار سے تجاوز پر 15 ہزار سے زائد شہریوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔ فیصل آباد ٹریفک پولیس نے 1376، راولپنڈی نے 1230 جبکہ لاہور میں 1032 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔مزید بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کی نگرانی اور چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے حد رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کے مطابق حد رفتار کا تعین کرنے کے لیے سپیڈ گن مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے، اور ان کارروائیوں سے حادثات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔