پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے آئندہ دو روز میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث صوبے کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ بھاکڑا ڈیم 61 فیصد، پونگ ڈیم 76 فیصد اور تھین ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ بالائی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر سیلابی صورتحال نچلے درجے سے معمول پر آ گئی ہے، تاہم مزید پانی آنے سے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے، ارسا اور محکمہ آبپاشی 24 گھنٹے دریاؤں اور ڈیمز کی صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، جبکہ دریاؤں کے کناروں پر موجود شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سیلابی پانی کے دوران دریاؤں، نہروں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں اور دریاؤں کے اطراف غیر ضروری آمد و رفت یا پکنک نہ کریں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ادھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی اور حبس میں واضح کمی آئی۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔