اسلام آباد: دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی کیفیت پر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک گھنٹے میں 28,657 سے بڑھ کر 33,653 کیوسک ہوگیا ہے۔ 5 سے 7 اگست کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ستلج اور بیاس کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔بیان کے مطابق بھارت میں واقع بھاکڑا ڈیم 55 فیصد اور پونگ ڈیم 56 فیصد بھر چکے ہیں، ان ڈیموں سے مزید پانی کے اخراج کے نتیجے میں دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ اس ہفتے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو فوری ریسپانس، نکاسی آب اور ممکنہ انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تیز بہاؤ کے دوران ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے اجتناب کریں۔اتھارٹی نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کے لیے مشینری اور پمپس کو فعال رکھنے کے انتظامات مکمل رکھے جائیں جبکہ عوام کو بھی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 
 
Ask ChatGPT