پشاور ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی کا 13 اگست کو صبح 9 بجے بیرون ملک سفر کا پروگرام ہے، تاہم نام فہرست میں شامل ہونے کے باعث وہ روانہ نہیں ہو پا رہے۔ وکیل نے کہا کہ عدالت کے نام خارج کرنے کے حکم کے باوجود ایئرپورٹ پر انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اعظم سواتی کا نام اب کسی فہرست میں شامل نہیں ہے اور وہ بیرون ملک جا سکتے ہیں۔ نمائندہ ایف آئی اے نے بھی اس بات کی یقین دہانی کرائی۔ فریقین کے مؤقف سننے کے بعد عدالت نے اعظم سواتی کی درخواست نمٹا دی۔