پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے پر وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل آفس سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس وقار احمد اور جسٹس ثابت اللّٰہ خان پر مشتمل بینچ نے فیصل جاوید کی درخواست پر سماعت کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سینیٹر فیصل جاوید عمرے کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، مگر ان کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، جو غیر قانونی اقدام ہے۔عدالت نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد وفاقی حکومت سے کل تک رپورٹ طلب کر لی، جب کہ اٹارنی جنرل آفس کو بھی اس معاملے پر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کے نام مختلف فہرستوں میں شامل کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث ان کی بیرون ملک روانگی میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔