لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی اپنے پارٹی قائدین سے جیل میں ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق، اعظم سواتی نے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں قید شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت طلب کی تھی۔سماعت جج منظر علی گل کے روبرو ہوئی، جس دوران جیل حکام نے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعلقہ پی ٹی آئی قائدین کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، اور جیل قواعد کے مطابق صرف خونی رشتہ داروں کو قیدیوں سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔عدالت نے جیل حکام کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اعظم سواتی کی درخواست خارج کر دی۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے کئی اہم رہنما 9 مئی کے واقعات کے بعد مختلف کیسز میں گرفتار ہیں، جن میں شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد بھی شامل ہیں۔