لاہور: یومِ آزادی، چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس حضرت علی ہجویریؒ کے موقع پر لاہور پولیس نے شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کرتے ہوئے شہر بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز تیز کر دیے۔
داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی اور مشکوک مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گزشتہ 10 روز میں 273 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 7722 گھروں اور 3616 کرایہ داروں کی چیکنگ کی گئی۔ دوران کارروائی 24327 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی اور 107 قانون شکن گرفتار ہوئے۔ رواں سال اب تک 7549 سرچ آپریشنز میں 2 لاکھ 66 ہزار 431 گھروں، 1 لاکھ 13 ہزار 872 کرایہ داروں اور 8 لاکھ 40 ہزار 202 افراد کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 4368 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 443 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، 1156 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، 850 منشیات کے مقدمات، 652 ناجائز اسلحہ اور 493 شراب نوشی کے کیس درج کیے گئے۔ ضابطہ فوجداری کی دفعات 55/109 کے تحت 88 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس دوران 479 ہوٹلوں، 285 گیسٹ ہاؤسز، 192 ہوسٹلز، 125 فیکٹریوں اور 11 ہزار 38 دکانوں کے ریکارڈ کی پڑتال بھی کی گئی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے اور ڈولفن و پی آر یو سکواڈ کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائی جائے۔