وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر صوبے میں مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
کراچی میں سیکیورٹی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے کے تمام بڑے شہروں میں حساس مقامات پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور اضافی نفری تعینات کی جائے۔ ضیاء لنجار نے کہا کہ حساس علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مرکزی کنٹرول رومز میں سیکیورٹی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ وزیرِ داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور یومِ شہادت پر عزاداروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔