اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیا، مریم نواز شریف چیف منسٹر بعد میں پہلے میری بیٹی ہیں، نواز شریف میرا لیڈر، میرا قائد ہے۔نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا مجھے دوسرے تیسرے دن پتا چلا کہ اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو کو کسی ہاؤسنگ سوسائٹی کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے، اے ڈی سی آر سے متعلق اینٹی کرپشن والے تحقیقات کر رہے ہیں، میرا اس سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، اگر شکایت درست ہوئی تو اسے سزا ہوگی، شکایت غلط ہوئی تو جس نے شکایت کی اسے سزا ہوگی، اس وقت وہاں کیا صورتحال ہے میں اس پر مزید بات نہیں کروں گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے بیورو کریسی کی شان میں بس اتنی گستاخی کی کہ یہ پرتگال میں جائیدادیں خرید رہے ہیں، مجھے نہیں پتہ تھا کتنے لوگ خرید رہے ہیں یا اتنا رولا پڑ جائے گا، اب رولا پڑگیا ہے تو میں انکوائری بھی کر رہا ہوں اور نام بھی بتاؤں گا، اب نام لے کر بتاؤں کا کہ کون کون وہاں جائیدادیں خرید رہا ہے، جس کے ذریعے وہاں جائیدادیں خریدی گئیں اس نے ان کی تصویریں بھی بنائی ہوئی ہیں، میں نے رولا ڈلوا دیا ہے، اب میڈیا اس کی تحقیقات کرے۔