لاہور(کرائم رپورٹر)ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ڈولفن اہلکاروں پر اینٹی کرپشن میں درج مقدمہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ ایک سال قبل تھانہ نشتر کالونی کی حدود میں پیش آنے والے وقوعہ سے برآمدگی میں خردبرد کے حوالے سے ہے۔ ڈولفن اہلکاروں نے مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کوحراست میں لے کر مال مسروقہ سمیت مقامی پولیس کے حوالے کیا۔ مدعی نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کی شناخت کی اور ویڈیو بیان میں تمام مال مسروقہ حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے ڈولفن ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن میں درج مقدمہ کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔مدعی سے مزید تفصیلات کے حوالے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اختیارات سے تجاوز یا ذیادتی کرنے والوں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔کسی کو دن رات محنت کرنے والی پولیس کی بدنامی کا سبب بننے نہیں دیں گے۔ مقدمہ کی تفصیلات سامنے آنے پر مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔