حکومت تبدیلی کے بعد بے تحاشا مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی: بیرسٹرسیف

 عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ،پاکستان میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر سے بھی کم ہونا چاہیے
    پشاور(آئی این پی ) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق پاکستان میں پٹرول 100روپے سے بھی کم کا ہونا چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی دورحکومت میں دہشت گردی ختم ہو چکی تھی لیکن حکومت تبدیلی کے بعد بے تحاشا مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت تبدیلی کے بعد 15روپے فی یونٹ بجلی 40سے50روپے تک جا پہنچی اور اب صرف 7 روپے کم کر کے قوم پر احسان جتایا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ 150روپے فی لیٹر پٹرول اب 260روپے پر پہنچ گیا، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیںپی ٹی آئی کے دور سے بھی کم ہو چکی ہیں، عالمی منڈی کے مطابق پاکستان میں پٹرول 100روپے سے بھی کم کا ہونا چاہیے۔