حکومت جعلی ریلیف دینے کے بجائے عوام کو اصلی ریلیف فراہم کرے: بیرسٹرسیف

 قوم کو بتائیں قیمتیں کیوں اور کس نے عوام کی دسترس سے باہر کیں‘ مشیر اطلاعات کے پی کے
پشاور (آئی ا ین پی) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ قوم کو 15 روپے فی یونٹ بجلی دینے والا آج پابندِ سلاسل ہے‘ حکومت جعلی ریلیف دینے کے بجائے عوام کو اصلی ریلیف فراہم کرے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد سیف نے کہا کہ قوم کو 15روپے فی یونٹ بجلی دینے والا آج پابندِ سلاسل ہے،بانی پی ٹی آئی کا دوسرا جرم 150روپے فی لیٹر پٹرول تھا جسے 300روپے پر پہنچایا گیا، قوم کو بتائیں کہ قیمتیں کیوں اور کس نے عوام کی دسترس سے باہر کیں؟ ۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید 7فیصد کمی آئی ہے، عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں کمی کا کوئی فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی کے حساب سے پٹرول کی قیمت فی لیٹر 100 روپے سے بھی کم ہونی چاہیے۔