ہفتہ وار شرح میں 0.49 فیصد ، سالانہ بنیاد پر 4.57 فیصد اضافہ،آلو ، انڈے ، گھی بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل
چکن ،چاول،دال مونگ،چنا، پٹرول،ڈیزل سمیت8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی :وفاقی ادارہ شماریات
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ، مزید 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافے کا رجحان جاری رہا۔ حالیہ ہفتے میں بھی مہنگائی کی شرح میں 0.49فیصداضافہ ہوا جب کہ سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح بڑھ کر 4.57 فیصد ہوگئی ۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے آلو، انڈے،ٹماٹر،پیاز،گھی اور آٹے سمیت24اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ چاول،دال مونگ،پٹرول،ڈیزل اور دال چنا سمیت8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور19 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں آ لو 0.71 فیصد،انڈے 2.81 فیصد،آٹے کی قیمتوں میں 1.42فیصد ،پیاز 8.70فیصد،لہسن 0.85 فیصد، ویجی ٹیبل گھی 0.63فیصد،ٹماٹر 33.20 فیصد،واشنگ سوپ کی قیمتوں میں0.08 فیصد اضافہ ہوا ۔حالیہ ایک ہفتے میں جن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی ان میں چکن کی قیمتوں میں 6.38 فیصد،دال مونگ کی قیمتوں میں 0.49فیصد،کیلے کی قیمتوں میں4.70فیصد،دال چنا2.20 فیصد ،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں0.51فیصد،پٹرول کی قیمتوں میں2.09 فیصد اورہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.55 فیصد کمی ہوئی ۔