ثقافتی اور مذہبی عظمت کا احترام کرتے ہیں، مگر جب چھٹیاں کام کو روک دیں تو ہمیں سوچنا پڑے گا
چھٹیوں سے پریشان کاروباری شخصیت روی کمارکا وزیراعظم اوروزیرمحنت سے تعطیلات کم کرنے کامطالبہ
نئی دہلی (آئی این پی)حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری شخصیت اور بایو کنٹینمنٹ کمپنی کے سی ای او، روی کمار تملاچارلا نے حال ہی میں لنکڈ اِن پر ایک ایسا بیان دیا جو سوشل میڈیا پر بحث کا سبب بن گیا ہے۔ انہوں نے بھارت کی تعطیلات پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں ملک کی پیداواری صلاحیت میں کمی کا سبب قرار دیا۔اپنی پوسٹ میں انہوں نے بھارت کی تعطیلات کی بھرمار کو ملک کی پیداواری صلاحیت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف اپریل میں دس سے زائد تعطیلات نے دفتری کام کو ہفتوں تک مفلوج کر کے رکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعطیلات کے بوجھ، اختیاری چھٹیوں اور ویک اینڈز کے امتزاج نے کام کی روانی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ہم بھارت کی ثقافتی اور مذہبی عظمت کا احترام کرتے ہیں، مگر جب یہ چھٹیاں کام کو روک دیں اور ترقی کی راہ میں حائل ہو جائیں تو ہمیں سوچنا پڑے گا۔ اسکے ساتھ ہی روی کمار نے وزیراعظم نریندر مودی اور لیبر منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ تعطیلات کے نظام کا ازسرِنو جائزہ لیں تاکہ کام اور آرام کے درمیان توازن قائم ہو سکے۔