پختونخوا حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے: بیرسٹرسیف

عوام کیلئے لائف انشورنس سکیم متعارف کرانے کی منظوری دیدی،سالالانہ 4.5ارب لاگت آئے گی
 پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کے بعد عوام کو ایک اور بڑا ریلیف فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ بات مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہی ۔انہوںنے کہا ہے کہ کے پی حکومت نے صوبہ بھر کے تمام شہریوں کیلئے لائف انشورنس سکیم متعارف کرانے کی منظوری دی ہے، لائف انشورنس سکیم پر سالانہ 4.5ارب روپے لاگت آئے گی، سکیم کے تحت اگر گھر کے سربراہ کا انتقال ہو جائے تو لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے گی، 60سال سے کم عمر میں انتقال کرنے والے افراد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے دیئے جائیں گے، جبکہ 60سال سے زیادہ عمر میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو 5لاکھ روپے ملیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اکثر خاندان یا گھر کے کفیل کی وفات کے بعد شدید مالی مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں، وفات کی صورت میں متاثرہ خاندان دوہری تکلیف سے گزرتا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔