جھنگ : زمیندار نے 10سالہ ملازمہ کو تشدد کر کے قتل کر دیا، لاش نہر میں پھینک دی

 ملزم نے گھر میں گندگی کرنے پر ملازمہ کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا،جس کے باعث لڑکی دم توڑ گئی تھی
جھنگ (آئی این پی )جھنگ میں زمیندار نے 10سالہ گھریلو کو ڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ دم توڑ گئی اور ملزم نے بعد ازاں بچی کی لاش نہر میں پھینک دی۔پولیس کے مطابق تھانہ وریام میں 14مارچ کو گھریلو ملازمہ کے اغواء کا مقدمہ درج ہوا تھا، 9اپریل کو تفتیش کے لیے مقامی زمیندار کو حراست میں لیا گیا تھا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش گھرمیں کام کرنے والی 10 سال کی لڑکی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا کہ لڑکی کو قتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی تھی، ملزم نے گھر میں گندگی کرنے پر ملازمہ لڑکی کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، ملزم کے تشدد کے باعث لڑکی دم توڑ گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی والدہ اور بھائی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جبکہ نہر سے لڑکی کی لاش برآمد کرنے کے لیے تلاش جاری ہے۔