ٹریکٹر ٹرالیوں کے اوقات کار پر عملدر آمد یقینی بنانے کا حکم

ٹریکٹر ٹرالیوں کو صبح 7 سے رات 11 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹریکٹر ٹرالیوں کے باعث بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس نے روڈ سیفٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریکٹر ٹرالیوں کی شہر میں نقل و حرکت کے اوقات کار پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں ٹریکٹر ٹرالیوں کی تعداد ایک فیصد سے بھی کم ہے، تاہم یہ گاڑیاں تقریباً 9 فیصد جان لیوا ٹریفک حادثات میں ملوث پائی گئی ہیں، جس کے باعث ان کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانے کیلئے خصوصی اقدامات ناگزیر قرار دیے گئے ہیں۔ٹریکٹر ٹرالیوں کو صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک لاہور شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریکٹر ٹرالیوں کو ترپال سے مکمل طور پر ڈھانپنا، بیک لائٹس اور ریفلیکٹو ٹیپ لگانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ رات کے اوقات میں انہیں دور سے نمایاں طور پر شناخت کیا جا سکے۔