طلبہ کیلئے ای بائیک سکیم میں مزید سہولیات، لاہور میں سکوٹی ڈرائیونگ اسکولز اور جین زی کاؤنٹرز قائم

طلبہ کیلئے ای بائیک سکیم میں مزید سہولیات، لاہور میں سکوٹی ڈرائیونگ اسکولز اور جین زی کاؤنٹرز قائم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طلبہ و طالبات کے لیے ای بائیکس سکیم کے تحت سہولیات میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔

لاہور ٹریفک پولیس نے سکوٹی چلانے کی تربیت اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی کے لیے نئے ڈرائیونگ اسکولز اور جین زی کاؤنٹرز قائم کر دیے ہیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے 5،5 ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام لائسنس سینٹرز میں جین زی کاؤنٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔ سکوٹی لائسنس کے حصول کے لیے طلبہ و طالبات شناختی کارڈ یا ب فارم کے ساتھ گارڈین کو بھی ہمراہ لا سکتے ہیں۔لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق اب تک ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس جبکہ 6 ہزار 546 جووینائل پرمٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ سکوٹی ٹریننگ اسکولز آبشار ڈرائیونگ اسکول، لبرٹی خدمت مرکز، گریٹر اقبال پارک، ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروزپور روڈ پر قائم کیے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایل او ایس فیروزپور روڈ پر صرف خواتین کو مفت سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے ہزاروں خواتین بااعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں جبکہ خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے کر انہیں خودمختار اور بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکوٹی اسکولز میں خواتین کے لیے وویمن ٹو وویمن سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین بااختیار ہوں گی تو معاشرے میں مثبت اور واضح تبدیلی آئے گی۔