پنجاب میں نئے ٹریفک قوانین کے نافذ ہونے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں شہریوں کی دلچسپی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، گزشتہ 12 دن کے دوران تقریباً 15 لاکھ شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا ہے، جبکہ صرف پچھلے 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 18 ہزار افراد نے لائسنس بنوانے کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔اس حوالے سے خاص بات یہ ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے 13 ہزار سے زائد خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا ہے کہ، اب تک 8 لاکھ سے زائد شہری آن لائن لائسنسنگ پورٹل کے ذریعے سہولت حاصل کر چکے ہیں، جس سے درخواست دہندگان کو آسانی اور سہولت میسر آئی ہے۔مزید برآں، شہریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے صوبہ بھر میں لائسنسنگ سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ درخواست دہندگان کو زیادہ وقت فراہم کرنے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز کا دورانیہ بڑھا کر تین شفٹوں میں کام کیا جا رہا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر محمد وقاص نذیر نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ لمبی قطاروں اور انتظار سے بچنے کے لیے آن لائن پورٹل کا استعمال کریں، تاکہ کاروائی آسان اور تیز تر ہو سکے۔ ٹریفک قوانین پر سختی کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد لائسنس کے حصول کے لیے مراکز پر پہنچ رہی ہے، جو کہ قوانین پر عمل درآمد کی جانب مثبت علامت ہے۔