عبدالستار ایدھی کی 10ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

عبدالستار ایدھی کی 10ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

ملک کی معروف فلاحی و سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی 10ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

 اس موقع پر مختلف تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور خیراتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔عبدالستار ایدھی کی 10ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمتِ خلق کی داعی شخصیت بلاشبہ قوم کے لیے باعثِ فخر اور ایک قومی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی مرحوم کی گراں قدر فلاحی اور قومی خدمات پر پوری قوم انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے معاشرتی مسائل کے حل کے سماجی پہلوؤں کو اجاگر کیا، جبکہ ان کی بے مثال خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کیا کہ ہر فرد اپنی استطاعت کے مطابق معاشرے کی بہتری اور اصلاح میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات نے معاشرے میں احساسِ ذمہ داری، رواداری، ہمدردی اور باہمی آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے عبدالستار ایدھی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سماجی اور فلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔