پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی ہے کہ ستمبر میں جلسہ کیا جائے اور اس کی ذمہ داری علی امین گنڈا پور کو سونپی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی تک پارٹی کے ارکان کی نااہلی کا سلسلہ ختم نہیں ہوا اور انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سختیاں ختم کی جائیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بانی پارٹی آئین اور عدلیہ کی بالادستی کے لیے جیل میں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ عدلیہ آزاد ہو۔بیرسٹر گوہر نے پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 4 ہزار دیہات اور 42 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، لیکن پنجاب حکومت نے ابھی تک سیلاب متاثرین کے لیے کوئی اعلان نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں سنے بغیر نوٹس دیے اور ڈی نوٹیفائی کیا، پارٹی کے ارکان کو غیر قانونی طریقے سے سزائیں دی گئیں، اور اگر سیاسی تناؤ جاری رہا تو ریاست خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایوان مضبوط ہونا چاہیے، لیکن ان کے لیے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سختیاں ختم کی جائیں، تاکہ ملک اور معیشت کو نقصان نہ پہنچے۔بیرسٹر گوہر نے آزاد عدلیہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ججز پر دباؤ نہ ڈالا جائے اور 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر اپیلوں کو بھی دیکھا جائے کیونکہ ججز کی جانب سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوتا۔