وزیراعظم شہباز شریف سے بنگلادیشی مشیر مذہبی امور کی ملاقات، تعلقات کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے بنگلادیشی مشیر مذہبی امور کی ملاقات، تعلقات کے فروغ پر اتفاق

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی روابط اور گہری وابستگیوں پر مبنی ہیں۔

وزیرِ اعظم سے بنگلادیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اے ایف ایم خالد حسین نے وفد سمیت اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات بنگلادیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان بھی شریک تھے۔شہباز شریف نے مہمان وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ اس دوران پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہِ راست پروازوں کی جلد بحالی کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوا، جبکہ دونوں ممالک نے تعلقات کی موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ سطحی دوروں پر بھی اتفاق کیا۔

وزیرِ اعظم نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا، جس کے جواب میں ڈاکٹر حسین نے شہباز شریف کو حکومت کی جانب سے بنگلادیش کے دورے کی دعوت دی۔اس موقع پر ڈاکٹر حسین نے وزیرِ اعظم کو چیف ایڈوائزر محمد یونس کا خط بھی پیش کیا، جس میں پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار اور ہر ممکن امداد کی پیشکش کی گئی تھی۔ڈاکٹر خالد حسین نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ برادرانہ رشتے ہیں جو تاریخی روابط اور مشترکہ عقیدے سے جڑے ہوئے ہیں۔