نواز شریف اور مریم نواز سے بنگلہ دیشی مشیر برائے مذہبی امور کی ملاقات میں پاکستانی طلبہ کے لیے 500 نئے اسکالرشپ کا اعلان

نواز شریف اور مریم نواز سے بنگلہ دیشی مشیر برائے مذہبی امور کی ملاقات میں پاکستانی طلبہ کے لیے 500 نئے اسکالرشپ کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین کی اہم ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران بنگلہ دیش میں پاکستانی طلبہ کے لیے 500 نئے اسکالرشپ کا اعلان کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔محمد نواز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل آج بھی بنگلہ دیشی بھائیوں کی محبت سے بھرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایم عالم کو آج بھی پاکستانی قوم اپنا ہیرو سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی قربت بڑھانے کے لیے یہ وقت بہترین ہے، کیونکہ بنگلہ دیش اپنی معاشی ترقی کے حوالے سے تیزی سے ابھر رہا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور خواتین کی شمولیت میں کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کا رشتہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور نسل در نسل بھائی چارے پر مبنی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تجارت اور براہ راست رابطے دونوں ملکوں کے عوامی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

پنجاب حکومت بنگلہ دیش کے ساتھ گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے اور فلڈ مینجمنٹ کے شعبے میں بھی شراکت داری کو خوش آمدید کہتی ہے۔ خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کی دوستی کو دیرپا شراکت داری میں بدلنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔بنگلہ دیشی ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام محمد نواز شریف کو ایٹمی دھماکہ کرنے پر بڑے ہیرو کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی نئی نسل میں محمد نواز شریف کے لیے عزت و احترام پایا جاتا ہے اور وہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی عوامی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خدمت کے لیے محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کی خدمات کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بنگلہ دیش ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے اور ملک کو تاریکی سے روشنی کی طرف لانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔اس اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔