وزیراعلیٰ سندھ کی ترکی و بنگلادیشی سفارتکاروں سے ملاقات، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات میں توسیع پر اتفاق

وزیراعلیٰ سندھ کی ترکی و بنگلادیشی سفارتکاروں سے ملاقات، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات میں توسیع پر اتفاق

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ترکی اور بنگلادیش کے سفارتکاروں نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں ترکی کے نئے قونصل جنرل ارگل کدک کو خوش آمدید کہا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید فروغ دیا جائے گا، اور سندھ حکومت سرمایہ کاری کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، خاص طور پر توانائی، پانی، سڑکوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے میگا پروجیکٹس میں۔ کراچی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی آبادی 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے اور یہاں انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ترکی کے قونصل جنرل ارگل کدک نے سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ کراچی ایک بہترین شہر ہے جس کے لوگ محبت کرنے والے ہیں۔ دونوں جانب سے فیصلہ ہوا کہ سندھ کے انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ جلد ترکی کے قونصل جنرل سے ملاقات کریں گے تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملی پیش رفت ہو۔

اسی دوران وزیراعلیٰ سندھ نے بنگلادیش کے نئے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت سے بھی ملاقات کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش برادر مسلم ممالک ہیں اور تجارت کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔ ملاقات میں حالیہ سیلابی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بھی بات ہوئی۔