اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے ساتھ گزشتہ دسمبر میں قاہرہ میں D-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات اور نتیجہ خیز بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں فریقوں کے درمیان مختلف دوطرفہ میکانزم کے احیا پر خوشی کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے موجودہ رفتار کو برقرار رکھنا ضروری ہے اور سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تجارت اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
بنگلا دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے وزیراعظم کو سفر، تجارت اور رابطوں کو آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور تاریخی دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہائی کمشنر کو ان کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس بات پر زور دیا کہ ان کے دور میں پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں مثبت پیش رفت جاری رہے گی۔