نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں اور گرم جوشی کے ساتھ ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلادیش کے دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران کثیرالجہتی تعاون، تجارت اور علاقائی اشتراک پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلقات کو باہمی عزت، رواداری، اعتماد اور علاقائی ترقی و تعاون کی بنیاد پر مزید مستحکم کیا جائے گا۔
بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے پاکستان کے کردار کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہتری نہایت اہم ہے۔ انہوں نے باہمی تجارت اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔یہ ملاقات دونوں ملکوں کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کی طرف ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔