بھارت میں ایم بی بی ایس کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی، حالت تشویشناک

بھارت میں ایم بی بی ایس کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی، حالت تشویشناک

مغربی بنگال کے شہر درگاپور میں اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ایم بی بی ایس طالبہ کے ساتھ جمعہ کی شب اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ آئی کیو سٹی میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھی اور واقعہ کالج کے گیٹ کے قریب ہوا۔طالبہ اپنے ایک دوست کے ساتھ باہر گئی تھی کہ کچھ افراد نے انہیں روکا اور لڑکی کو ایک ویران جگہ لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ طالبہ کے والد کا کہنا ہے کہ اس کا دوست موقع سے فرار ہو گیا، اور انہیں شبہ ہے کہ وہ بھی واقعے میں ملوث ہے۔طالبہ کے والد کے مطابق، حملہ آوروں نے موبائل فون اور 5,000 روپے بھی چھین لیے۔ متاثرہ طالبہ کو درگاپور کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے متعدد افراد سے، بشمول لڑکی کے دوست، پوچھ گچھ شروع کر دی ہے، جبکہ طالبہ کا بیان بھی قلمبند کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ مہینوں میں مغربی بنگال میں خواتین کے خلاف تشدد کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، جن میں جولائی میں کلکتہ کی جنوبی کلکتہ لاء کالج کی ایک طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور اگست 2024 میں آر جی کار میڈیکل کالج کی ایک ڈاکٹر کے قتل و زیادتی کے واقعات شامل ہیں، جس پر ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا رہا۔