تہرے قتل کیس میں ملزمان کے جھوٹ بے نقاب ہوچکے، ام رباب چانڈیو

تہرے قتل کیس میں ملزمان کے جھوٹ بے نقاب ہوچکے، ام رباب چانڈیو

فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج محمد حسن کلوڑ کی عدالت میں تہرے قتل کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت ہوئی۔

عدالت میں رکن قومی اسمبلی غلام رسول چانڈیو، رکن سندھ اسمبلی برہان چانڈیو اور زیر الزام ایم پی اے سردار احمد چانڈیو نے بیانات ریکارڈ کرائے۔سماعت کے دوران، غلام رسول چانڈیو کی گواہی کے بعد سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ام رباب چانڈیو نے پیشرفت پر سجدۂ شکر ادا کیا اور کہا کہ یہ سجدہ اس لیے ادا کیا کیونکہ ملزم کے گواہ نے کیس سے ہٹ کر بیان دیا، جس سے ملزمان کے جھوٹ بے نقاب ہوئے۔

ام رباب کے مطابق، سردار احمد چانڈیو نے دعویٰ کیا تھا کہ واقعے کے دن وہ بلاول بھٹو زرداری کے جلسے میں موجود تھے، لیکن عدالت میں گواہ نے بتایا کہ جلسہ ہوا ہی نہیں۔یاد رہے کہ 7 سال قبل ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کو میہڑ میں مسلح ملزمان نے قتل کیا تھا، اور اس مقدمے میں پی پی کے 2 ایم پی اے سمیت 8 ملزمان نامزد ہیں۔